نام کتاب: اشارات صحافت
مصنف: ڈاکٹر انیس صدیقی:
تبصرہ نگار:افروز رضا مصباحی
گلبرگہ کی سرزمین سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر انیس صدیقی اردو صحافت کے ایک باوقار اور ذہین محقق مانے جاتے ہیں۔صحافت سے ان کی دلچسپی کم عمری سے رہی۔اسی دلچسپی کی وجہ سے تعلیمی میدان میں آگے چل کر پی ایچ ڈی کے تھیسس کے لیے ”کرناٹک میں اردو صحافت کا آغاز و ارتقا“موضوع منتخب کرکے اپنی تحقیق کی جولان گاہ بنائی جس پر گلبرگہ یونیورسٹی سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری تفویض کی گئی۔اسی تحقیقی مقالہ کی تلخیص ۵۰۰۲ء میں ”کرناٹک میں اردو صحافت“ شائع ہوئی جس کی اہمیت و افادیت اصحاب فکرو نظر کی نگاہ میں حوالے کی حیثیت رکھتی ہے۔
زیر نظر کتاب”اشارات صحافت“انیس صدیقی کے صحافت سے گہری شغف کا نمونہ ہے۔ مختلف ادوار میں لکھے مضامین جو اس زمانے کے تقاضے کے مطابق تھے انہوں نے قلم بند کیا۔قدیم و جدید مضامین کو کتابی صورت دینے کا ارادہ بنا تو کچھ افادات کے ساتھ پریس کے حوالے کیا۔
اشارات صحافت کو مصنف نے تین ابواب میں تقسیم کیا ہے۔ حرف اخلاص“ محمد اعظم شاہد کی قلم کے سیاہی کے نقوش ہیں۔جواز کے عنوان پر انیس صدیقی نے کتاب کے متعلقات کے بارے میں گفتگو کی ہے۔ باب او ل میں فن صحافت کی مختلف جہتوں پر مضامین ہیں جن میں صحافت، خبرنگاری، اداریہ نگاری، کالم نگاری، فیچر نگاری، صحافتی زبان، اردو صحافت، فن ترجمہ نگاری اورصحافی نباض عصر جیسے ذیلی عناوین قائم کرکے گفتگو کی ہے۔ باب دوم میں کرناٹک میں اردو صحافت کی تاریخ سے متعلق مختلف موضوعات پر الگ الگ ضرورتوں کے تحت لکھے گئے مضامین کو جگہ دی گئی ہے۔ جس میں مقامی،علاقائی اور ملکی سطح پر اردو صحافت کی تاریخ اور کارکردگی کو بطور اختصار پیش کیا گیاہے۔ قاسم الاخبار کو کرناٹک میں اردو صحافت کا نقش اول قرار دیاہے۔علاوہ ازیں کرناٹک میں اردو، کرناٹک کے اردو روزنامے، گلبرگہ میں اردو صحافت کا سفر، تحریک آزادی ہند میں اردو صحافت کا کردار، قومی تعمیر میں ادب و صحافت کے رول پر روشنی ڈالی گئی ہے۔
تیسرے اور آخری باب میں شب خون کے کل شماروں کا تحقیقی محاسبہ، عالم گیر ادب، حمید سہروردی:شخصیت اور ادبی جہات، سالار:اردو صحافت کا نیر تاباں، کے بی این ٹائمز:صحافتی امتیاز،غنچے: بے لوث اور ایماندارانہ مساعی کا مظہروغیرہ جیسے مضامین شامل ہیں۔
کتاب ”اشارات صحافت“ اردو صحافت سے دلچسپی رکھنے والے عام قاری، صحافی، صحافت کے طلبہ کے لیے مفید ثابت ہوگی۔یہ کتاب ڈاکٹرانیس صدیقی کی اردو صحافت سے گہری وابستگی اور صحافت کی مبادیات صحافت کے طالب علموں کو واقف کرانے کا بہترین ذریعہ ہے۔ ایجوکیشنل بک ہاؤس دہلی نے ۰۲۰۲ء میں اس کتاب کو شائع کیا ہے۔