نام کتاب:تعبیر آگاہی
مصنف: پروفیسر حمید سہروردی
مرتب: ڈاکٹر غضنفر اقبال مبصر:افروزرضامصباحی
ساٹھ کی دہائی میں جدید افسانے کا آغاز ہوا پڑوسی ملک میں انتظار حسین،خالدہ حسین،انور سجاد اور ہندوستان میں جوگندر پال اور سریندر پرکاش کے ذریعہ ہوئی۔ترقی پسند تحریک کے مقابلے شروع کیے گئے علامتی پیرایہ اظہار اس انداز سے سامنے آیاہے کہ اکثر کہانی گم ہوکر فلسفہ طرازی اور معمہ سازی کا درجہ اختیار کرگئی۔اس دہائی میں علامتی افسانہ نگاری نئے لکھاڑیوں کے لیے ایک نیا پلیٹ فارم ثابت ہوا۔نئے افسانہ نگاروں نے جدت کی تلا ش میں اسی رجحان کو اپنا یااور افسانے میں علامتی پیرایہ کو برصغیر کے معروف قلم کاروں نے جِلا بخشی۔ شمس الرحمن فاروقی کی ادارت میں الہ آباد سے نکلنے والا رسالہ ”شب خون“ جدید افسانہ نگاروں کے لیے پناہ گاہ ثابت ہوا۔اس کے علاوہ اور بھی رسالے تھے جس نے جدیدافسانے کی آبیاری کی اور اس کے فروغ میں اپنا رول نبھایاتاہم فاروقی صاحب کا رسالہ شب خون جدید افسانے کے فروغ کااہم ذریعہ ثابت ہوا۔
علامتی افسانہ نگاری میں کئی قلم کاروں نے اپنے نقوش ثبت کیے۔ریاست کرناٹک سے دو نام اکرام باگ اور پروفیسر حمید سہروردی کا ابھر کر سامنے آیا۔ جنوبی ہند سے یہ دونوں نام جدیدافسانہ نگاری میں اپنا کلیدی رول ادا کیا۔ ڈاکٹر حمید سہروردی علامتی افسانہ نگار کے طور پر اپنی پہچان بنانے میں کامیاب رہے۔ملکی سطح پر علامتی افسانہ نگار کے طور پر شناخت رکھتے ہیں۔ان کے علامتی افسانے کا مجموعہ ”شہر کی انگلیاں خونچکاں“ کے نام سے ان کے لائق بیٹے ڈاکٹر غضنفر اقبال نے مرتب کیاہے۔
ڈاکٹر حمید سہروردی نے بھی غیر افسانوی تحریر یں بھی ضبط قلم کیے ہیں۔ جن میں خودنوشت،مختلف عنوانات پر مضامین، مراسلات، شخصیات،تاثرات، تجزیات،رپورتاژ،فیچر مباحثے،ترجمے وغیرہ شامل ہیں۔ پروفیسر حمید سہروردی کی تحریر یں کئی رنگوں کی حامل ہیں جو تحریری ادب کے نشانات قائم کیے ہیں۔ ان کے تحریر کی خصوصیت یہ ہے کہ اختصار کو ملحوظ رکھتے ہیں لیکن اس میں معیاراور مقدار کا خاص اہتمام ملتاہے۔
پروفیسر صاحب کے بلند اقبال صاحبزادے ڈاکٹر غضنفر اقبال نے اپنے والد کی غیر افسانوی تحریروں کو ”تعبیرآگاہی“ کے نام سے یکجا کرکے علم و ادب کے شیدائی کے روبرو پیش کیا ہے۔کتاب کے ابواب کوایک نیا نام دے کر اس کے تحت آنے والے مضامین کوجمع کیاہے۔یہ کام بڑی خوش اسلوبی اورمحنت و لگن کے ساتھ کیا گیاہے۔کتاب ’تعبیر آگاہی‘ محققین اور ریسرچ اسکالر کے لیے ایک بہترین تحفہ ہے۔مرتب کی یہ کاوش سال گزشتہ کتابی شکل میں اہل علم و ادب سے خراج وصولنے کے لیے مارکیٹ میں آچکی ہے۔کتا ب کے لیے مرتب ڈاکٹر غضنفر اقبال سے رابطہ کیا جاسکتاہے۔