مولاعلی کرم اللہ وجہہ نے دنیا میں سب سے پہلے چہرہ رسول کو دیکھا
الجامعۃ السنیہ للبنات قمر کالونی میں ”یوم ولادت مولاعلی“پروگرام کاانعقاد
فاتح خیبر مولائے کائنات حضرت علی کرم اللہ وجہہ کی 13/ رجب کو یو م پیدائش ہے۔ان کی یوم پیدائش کی مناسبت سے گلبرگہ شہر میں ملت کی نونہال بچیوں کی تعلیم و تربیت کا معروف ادارہ الجامعۃ السنیہ للبنات (گلشن آمنہ)قمر کالونی میں آج بروز جمعرات کو”یوم ولادت مولا علی“ پروگرام کا انعقاد عمل میں لایاگیا۔صدر معلمہ قمر النساء باجی نے اپنے خصوصی خطاب میں طالبات کو خلیفہ چہارم فاتح خیبر حضرت مولا علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے بارے میں معلومات فراہم کی۔انہوں نے دوران خطاب میں کہی: حضرت علی رضی اللہ عنہ کی سب سے بڑی فضیلت یہ ہے کہ کعبہ شریف میں پیداہوئے، جب آنکھ کھلی تو نبی محترم ﷺکے چہرہ مبارکہ کی زیارت ہوئی،رسول کریم ﷺ نے ان کی پرورش کی،جوان ہوئے تو حضور علیہ السلام نے اپنی پیاری بیٹی فاطمہ کا نکاح ان کے ساتھ کردیا،حضرت فاطمہ زہر ا کی اولاد سے ہی نبی محترم صلی اللہ وسلم کی نسل دنیا میں فروغ پائی،جنگ خیبر میں کئی صحابہ کی تمنا تھی کہ جھنڈا ہمیں ملے لیکن جھنڈا حضرت علی کو ملا انہیں کی قیادت میں خیبر فتح ہوا۔اس کے علاوہ بے شمار ان کے فضائل ہیں جو احادیث کی کتابوں میں موجود ہے۔ اللہ کے رسول ﷺ نے فرمایا: میں علم کا شہر ہوں اور علی اس کے دروازہ ہیں۔ دوسری حدیث میں ہے: میں جس کا مولا ہوں علی بھی اس کے مولا ہیں۔اے فاطمہ زہر ا کی کنیزو!تم سب حصول علم کے لیے مدرسہ میں آئی ہو کتابوں کا زیادہ سے زیادہ مطالعہ کرو تاکہ علم میں اضافہ ہو اور اسلامی تاریخ کی معلومات ہو“۔
محفل کا آغاز ساڑھے دس بجے ہوا۔نظامت کے فرائض محترمہ صباء فاطمہ نے انجام دی۔محترمہ رفعت انجم کے تلاوت کلام مجیدسے محفل کا آغاز ہوا۔حمد کے اشعار متعلمہ نمیرہ فاطمہ نے پیش کی۔اس کے علاوہ رحیلہ تبسم،فرحین انجم، سمینہ بیگم،صبا ماہی،اپنے خوبصورت انداز میں مدحت رسول ﷺ پیش کرنے کی سعادت حاصل کرتے ہوئے دلوں میں عشق رسول کا شمع روشن کردی۔سمیہ بیگم،نیہا انجم،مسرت قریشی،سمرین قریشی نے دیے گئے عناوین پر بہترین تقریر کرتے ہوئے محفل کو لالہ زار کردی۔اس پروگرام کی نگرانی محترمہ عالمہ امرین تبسم اور عالمہ عائشہ سمرین معلمہ ادارہ ہذا کررہی تھیں۔صدر ادارہ جناب مختار سیٹھ کی اہلیہ سیدہ عائشہ بیگم نے پروگرام کی سرپرستی کی۔اخیر میں فاتحہ خوانی صلاۃ و سلام اور قمر النساء باجی کی دعا پر محفل کا اختتام ہوا۔