قرآن اللہ کا مقدس کلام ہےکسی ملعون کی ہفوات سے کچھ نہیں بگڑتا
تنظیم ائمہ اہلسنت گلبرگہ کی ماہانہ میٹنگ میں علماء کرام کا ملک کے موجودہ حالات پر اظہار خیال
گلبرگہ۔11/ نومبر بروز جمعرات کو شب بعد نماز عشاء تنظیم ائمہ اہل سنت کی میٹنگ رضا جامع مسجد میں محافظ اہلسنت وجماعت حضرت مولانا ظل الرحمن برہانی امام و خطیب مسجد ہذا کی صدارت میں منعقد ہوئی ۔مولانا برہانی صاحب نے اپنی گفتگو میں کہا :وسیم ملعون کتنا ہی اسلام و قرآن کے خلاف ہفوات بکے، قرآن مجید میں کسی طرح کی تبدیلی یا تحریف ناممکن ہے ۔اس نے ناپاک خیالات کوجو کتابی شکل دی ہے اس کے سیاہ اعمال کا رجسٹر ہے جس کا حساب دنیا و آخرت میں دینا اس کے سر ہے ۔ مولانا جاوید اختر مصباحی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا : تحفظ ناموس رسالت یہ بنیادی فریضہ ہے ۔تریپورہ ریاست میں ایک ریلی میں جس طرح شان اقدس صلی اللہ علیہ وسلم میں گستاخی کی گئی اور دلوں کو مجروح کرنے والے نعرے لگے، اس نے پوری امت مسلمہ کے جگر کو پارہ پارہ کردیا ۔ ریاستی و مرکزی حکومت کو چاہیے کہ سماج میں منافرت پھیلانے والوں پر قابونی شکنجہ کسے اور سماج دشمن عناصر پر لگام ڈالے ۔مسجد قریش کے امام و خطیب مفتی غلام جیلانی نے اپنے اظہار خیال میں کہا: تریپورہ فساد پر جس طرح ریاستی حکومت خاموش رہی یہ اقلیتی طبقہ کے ساتھ دوہرے رویہ کو ظاہر کرتی ہے ۔پولیس بھی فساد کے درمیان لوٹ مار، املاک کو نقصان پہنچانے، مذہبی عبادت گاہوں اور دینی کتابوں کو جلانے کے وقت آنکھوں پر پٹی باندھے رہی ۔فساد کے بعد سماج کے سنجیدہ طبقہ اور سیکولر ذہن رکھنے والوں نے حالات کو پبلک کے سامنے پیش کی تو ان پر ہی قانون کے دفعات لگا کر زبان بندی کی جارہی ہے جو ایک سیکولر ملک کے حق بالکل درست نہیں ۔مولانا افروز مصباحی نے ملک کے بگڑتے حالات اور مسلم طبقہ کے حق میں آواز اٹھانے والوں کو حکومت جس طرح خاموش کررہی ہے، اس پر اظہار تشویش کیا کہ ملک میں مسلم طبقہ کو بالکل یکا و تنہا کرنے کی پالیسی ملک کے مفاد میں نہیں ہے، اس سے ملک کی سب سے بڑی اقلیت کے دلوں میں خوف و دہشت کا ماحول پیدا ہوگا جو جمہوریت کی روح کے منافی ہے ۔اس میٹنگ میں مولانا خلیل ازہری، مولانا غلام مصطفی، مولانا افضل، مولانا سہیل کے علاوہ علماء، حفاظ اور مساجد کے ائمہ کرام موجود تھے ۔مولانا ظل الرحمن برہانی کے دعا پر میٹنگ اختتام پذیر ہوئی ۔